پنجاب حکومت

دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: شہباز شریف

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب کہ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گنگارام اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور زخمی بچوں، مردوں اور خواتین سے ان کی خیریت دریافت اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے ہسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، یہ دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے، بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے، معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے اور قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا اور دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔