پنجاب حکومت

عمران خان کا نام سیاہ حروف سے لکھا جائیگا، شہبازشریف

لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہےکہ ملکی ترقی کے خلاف سازش پر عمران خان کا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ دھرنوں، لاک ڈاؤن، سول نافرمانی اور احتجاج کے ذریعے ترقی روکنے کی کوشش کی گئی، روزسیاسی تماشا لگا کرعوام کی قسمت کھوٹی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ عوام نےاحتجاجی سیاست سے لاتعلق رہ کران عناصر کے منفی عزائم کوناکام بنایا جب کہ پے درپے شکستوں سے نیازی صاحب نے کوئی سبق نہیں سیکھا، ملکی ترقی کے خلاف سازش پرنیازی صاحب کا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نیازی صاحب نے جھوٹ بولنے کے عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں، عوام ان کی الزام تراشی اورمنافقت کی سیاست سے متنفر ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ باشعور عوام دروغ گوئی اورمنفی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں، پہلے دھرنے دے کرپاکستان کی ترقی کے خلاف گھناؤنی سازش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے بعد لاک ڈاؤن کے ذریعے پاکستان پرایک اور وار کیاگیا۔ دھرنا گروپ دوبارہ جھوٹ کے ذریعے پاکستان کی قسمت سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے۔