پنجاب حکومت

شعبہ زراعت میں بہتری سے ملکی معیشت کا استحکام وابستہ ہے، حکومت کے سو روزہ پلان پر کام جاری ہے ،کسان کیلئے ’’ون ونڈو کریڈٹ سسٹم‘‘ لانے پرکام کر رہے ہیں ‘صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کا تقریب سے خطاب

لاہور۔(ملت آن لائن) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت میں بہتری سے ملکی معیشت کا استحکام وابستہ ہے.حکومت کے سو روزہ پلان پر کام کر رہے ہیں، ایسی پالیسیاں لائیں گے جس سے کسان کی حالت بہتر ہو گی. کریڈٹ سسٹم کسان کیلئے بہت ضروری ہے.کسان کیلئے ون ونڈو کریڈٹ سسٹم لانے کیلئے کام کر رہے ہیں.وہ پیرکے روز یہاں مقامی ہوٹل میں یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ آسٹریلیا،حکومت پنجاب،پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل،آگاہی پاکستان،خوشحالی بینک،پاکستان مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی اور پاکستان ایگریکلچر کولیشن کے اشتراک سے ’’کسانوں میں خوشحالی کا منصوبہ ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے.تقریب میں ایگریکلچرل سیکٹر،مائیکرو فنانس ادارے و بینکس، قومی و بین الاقوامی،تعلیمی اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے سربراہان ،چیئرمین پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل ڈاکٹر یوسف ظفر،ڈاکٹر جانسٹین،ڈاکٹر شبیر،ڈاکٹر سعید احمد،محمد یاسر اشفاق،غالب نشتر،محسن احمد،مبارک علی سرور،ڈاکٹر عارف ندیم و دیگر نے شرکت کی ،صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ شعبہ زراعت کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،اس شعبے میں بہتری لائے بغیر ترقی ممکن نہیں،پی ٹی آ ئی نے ملک میں عام انتخابات سے پہلے ہی قوم کو آگاہ کر دیا تھا کہ اقتدار میں آ تے ہی زراعت کے شعبہ کیلئے ایمرجنسی لگائیں گے اور ہنگامی بنیادوں پر زراعت کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں گے،انہوں نے کہا مجھے فخر ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں محکمہ زراعت اور اس کے متعلقہ اداروں نے کسانوں کی بہتری کیلئے بہت کام کیا ہے،وزیر زراعت نے کہا کہ غریب کسان قرض لینے سے ڈرتا ہے اور بینک میں جانے سے گھبراتا ہے اور قرض لینے کی بجائے کسی سے سود پر پیسے لینے پر مجبور ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے’’ ون ونڈو کریڈٹ‘‘ کی کوششیں کر رہے ہیں جو ایک بہت بڑی کامیابی ہو گی ٗکسان کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑے کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،گزشتہ دس سالوں میں زراعت کی طرف عدم توجہ کے باعث یہ شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے ٗکسانوں میں آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور حکومت سو روزہ پلان پر عمل کرتے ہوئے ایسی پالیسیاں لیکر آ رہی ہے جس سے روزمرہ زندگی میں بہتری آئے گی،بعدازاں تقریب میں پاکستان میں موثر کریڈٹ سسٹم کے ذریعے’’ چھوٹے کسانوں کی آمدن میں اضافہ ‘‘ کی رپورٹ کی رونمائی بھی کی گئی جس میں چھوٹے زرعی فارموں کے مالکان کیلئے قرضہ جات کی دستیابی کیلئے بہترین پالیسیوں پر مبنی سفارشات فراہم کی گئیں.یہ رپورٹ اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ کسان خاص طورپر خواتین کسان اپنے کاروبار کو ترقی دینے اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے اپنی غربت میں کیسے کمی لا سکتی ہیں. رپورٹ کی تیاری میں یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ آسٹریلیا نے پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل،یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد،سندھ یونیورسٹی،شاہ عبد الطیف یونیورسٹی اور کامسیٹس یونیورسٹی کے نام قابل ذکر ہیں۔