پنجاب حکومت

شوکت بسرا پر فائرنگ: وزیر اعلیٰ نے کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہارون آباد میں پیپلز پارٹی کے شوکت بسرا اور دیگر کارکنوں پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ ایڈیشنل آئی جی شکایات ، سی پی او پنجاب سید خرم علی اور ایس ایس پی سپیشل برانچ پنجاب کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔کمیٹی فائرنگ کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے حقائق اور وجوہات کا تعین کرے گی اور واقعہ کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے گی۔ کمیٹی 48 گھنٹے میں واقعہ کی تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرے گی۔