پنجاب حکومت

شہباز شریف نے شفافیت ،رفتار اور معیار کو یقینی بنا کرنئی مثال قائم کی: حفیظ الرحمن

لاہور (ملت + اے پی پی )گلگت بلتستان کے وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نے صوبہ پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت پر وزیر اعلی شہباز شریف کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جتنا ترقیاتی کام پنجاب میں ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔وزیر اعلی شہباز شریف نے منصوبوں میں شفافیت، تیز رفتاری اور اعلی معیار کو یقینی بنا کر ایک نئے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک رول ماڈل ہیں ۔ گلگت بلتستان کی حکومت بھی وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں کامیاب ماڈل سے استفادہ کر رہی ہے ۔ گلگت بلتستان کے وزیر اعلی نے صحت ، تعلیم ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ تعاون پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی اداروں میں نہ صرف ہمارے طلباء وطالبات کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا ہے بلکہ انہیں وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے گلگت بلتستان حکومت کیلئے سی ٹی سکین مشین کی فراہمی کے اعلان پر وزیر اعلی شہباز شریف کے قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے جذبے کو سراہا۔