پنجاب حکومت

صوبے بھر میں بچوں کوخسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم 15 اکتوبرسے شروع ہو گی،وزیر صحت

لاہور۔(ملت آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خسرہ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت نے جامع پلان مرتب کر لیا ہے اور 15 سے27 اکتوبر تک صوبہ بھر میں ایک مہم کے دوران ایک کروڑ 90لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹر حامد مرزا کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت کے ذیلی ادارے گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن (جی اے وی آئی) کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ 12روزہ مہم کے دوران حساس علاقوں اور کچی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، 15ہزار ٹیمیں 6 سے 7سال کی عمر تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی، انہوں نے والدین ، اساتذہ، سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ قومی نوعیت کے اس پروگرام میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں،میں خود بھی مہم کے دوران مختلف اضلاع کا دورہ کروں گی اور محکمہ صحت کے افسر بھی ٹیموں کی سپاٹ چیکنگ کریں گے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے شعبہ صحت میں بین الاقوامی معاون اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ماں اور بچے کی صحت کو شعبہ صحت میں اصلاحات میں سب سے زیادہ ترجیح دے رہے ہیں، ان کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں اس وقت ماں کے دودھ کی افادیت اور غذائیت بارے آگاہی پروگرام جاری ہے، ملاقات میں رواں ماہ شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد نے وفد کو محکمہ صحت کے مختلف پروگراموں پر بریفنگ دی، ڈاکٹر حامد مرزا نے محکمہ صحت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انسداد خسرہ مہم میں ’’گاوی‘‘ اور عالمی ادارہ صحت کی دیگر تنظیمیں مکمل تعاون کررہی ہیں۔