پنجاب حکومت

عطائیوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد

لاہور۔(ملت آن لائن)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو مریضوں کی شکایات کے ازالے اور عطائیت کے تدارک کیلئے انجن کے طور پر کام کرنا چاہیئے، ہیلتھ کیئر کمیشن میں درج ہونے والی ہر شکایت سے محکمہ صحت کو بھی آگاہ کیا جائے، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی اواو) ڈاکٹر محمد اجمل خان کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو کوالٹی ایشورنس پر رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران کئے گئے جرمانوں کی مد میں بقایاجات کی جلد وصولی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں سی او او ڈاکٹر اجمل خان نے وزیرصحت کو ہیلتھ کیئر کمیشن کے امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ میں حالیہ سماعت کے دوران ہماری درخواست پر فاضل عدالت نے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے معاملات پر غیرضروری حکم ہائے امتناعی دینے سے گریز کیا جائے، عدالتوں سے حکم ہائے امتناعی خارج ہوتے ہی جرمانوں کی وصولی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیرصحت نے ہیلتھ کیئر کمیشن سے آج تک درج ہونے والی شکایات پر ایکشن کی رپورٹ بھی طلب کی اور کہا کہ عطائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے، نان کوالیفائیڈافراد کو نام نہاد ڈاکٹر بن کر عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ وہ جلد ہیلتھ کیئر کمیشن کا دورہ کرکے تمام شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کریں گی۔