پنجاب حکومت

عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں، رانا ثناءاللہ

عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں، رانا ثناءاللہ

فیصل آباد(ملت آن لائن)وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں وہ آئندہ انتخابات کے بعد اکیلے رہ جائیں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ آیا اسےقبول کرنا آئینی تقاضا تھا، عدالت کے فیصلے پر عمل نہ کرنا انارکی کی طرف جانے والی بات ہے تاہم فیصلہ آنے کے بعد اس پر تنقید ہو سکتی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ پیش ہوں وہ پیش ہوگئے، عدالت نے گرفتار کرنے کا حکم دیا تو گرفتار بھی ہوگئے۔

انہوں نےکہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے خلاف آنے والے فیصلے کو آنے کے بعد درست تسلیم کیا گیا؟ اس فیصلے کو عدالتی قتل کے طور پر دیکھا جاتا ہے، کیا ہر ڈکٹیٹر کو عدالت نے درست ہونے کی سند نہیں دی، ادارے دوسرے اداروں پر چڑھ دوڑیں تو اس قسم کے ابہام پیدا ہوتے ہیں۔

وزیر قانون نے چیرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں اور انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر بے عزتی کی سیاست کا آغاز کیا، ایسی سیاست کا پہلے کوئی فائدہ ہوا ہے اور نہ آج ہوگا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن نتائج کے بعد سب ساتھ چلیں گے لیکن عمران خان اکیلے رہ جائیں گے اور ممکن ہے کہ 2018 میں کے پی کے میں بھی ان کی حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہو۔