پنجاب حکومت

لاہور،نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑنے کے لئے صوبائی سطح پر آپریشن شروع، مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور۔21 اکتوبر(ملت + اے پی پی )صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ کہ ملازمین کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے پیشہ وارانہ کورسز کروائے جائیں گے تاکہ سروس ڈیلیوری کا میکنزم بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی کوششوں سے پنجاب میں گڈگورننس کو عملا نافذ کیا گیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے۔ یہ بات انہوں نے قرطبہ چوک مزنگ چونگی سے محکمہ ایکسائز اور ٹی وی آر کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈاکٹر احمر بلال صوفی اور ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے علاوہ دیگر افسران اور ڈی وی آر کے لائسنس یافتہ کار ڈیلرز کی بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو پکڑنے کے لئے صوبائی سطح پر گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گااور اس مہم میں محکمہ کسٹم کی معاونت لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فعال استعمال انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔محکمہ ایکسائز نے گزشتہ سالوں میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو اپنا کر محکمانہ کارکردگی بہتر بنائی ہے جس سے محکمانہ ریونیو میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر سروس بھی میسر آئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت2016-17 میں ماہ ستمبر کے محصولات میں اضافہ ہوا ہے اور ٹیکسوں کی وصولی کے عمل میں شفافیت آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے اضلاع میں نمبر پلیٹوں کی ڈیلوری کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے جس سے اب تک70 فیصد سے زائد نمبر پلیٹس مالکان کے حوالے کی جا چکی ہیں اور لاہور میں نئی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو موقع پر ہی ڈیلور کر دیا جاتا ہے جس سے ڈیلوری کے عمل میں بہتری آئی ہے۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صوبائی محصولات وٹیکس اکٹھا کرنے میں محکمہ ایکسائز کا کردار انتہائی اہم ہے۔اس محکمہ کی کوششوں سے جمع ہونے والے ٹیکسوں سے عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو مکمل کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے۔