پنجاب حکومت

مسلم لیگ (ن) نے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر سطح پر تحفظ کیا: شہباز شریف

لاہور (ملت + آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جمعرات کویہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پرعملدرآمد اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر سطح پر تحفظ کیا ہے ۔ کاشتکار میرے بھائی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود مجھے بے حد عزیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے کسان پیکیج کے ذریعے کاشتکاروں کو ان کا حق دیا گیا ہے ۔چھوٹے کاشتکاروں کیلئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ وزیر اعلی نے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھاد پر سبسڈی برقرار رکھ کر وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاردوست ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ چھوٹے کاشتکاروں کے لئے سمال فارمرز ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کی تجویز کو جلد حتمی شکل دیں گے۔ سیکرٹری زراعت کی کسان پیکیج اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ ، چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و ایم پی اے رانا بابر حسین ، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر اکمل حسین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔