پنجاب حکومت

منفی سیاست کا لاک ڈاؤن ہوچکا ہے ، شہباز

لاہور: (ملت+آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا لاک ڈاؤن ہوچکا ہے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف اورگورنرپنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی صورت حال، امن عامہ اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنرپنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں امن عامہ کی بہتری کیلئے موثراقدامات کئے ہیں اور صوبے کے عوام ترقیاتی پروگراموں کے ثمرات سے مستفید ہورہے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محورعوام کی بے لوث خدمت ہے، ہم عوام کی ترقی وخوش حالی کے ایک بڑے پروگرام پرعمل پیرا ہیں۔ توانائی بحران سے نجات دلانے کے لئے عوام سے کیا گیا وعدہ پوراکریں گے، جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی پروگرام پرعملدرآمد کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے، باشعورعوام خدمت، امانت، دیانت اورشفافیت کی سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ترقی کاسفر روکنے کی سازش پہلے بھی ناکام رہی اورآئندہ بھی ناکام رہے گی، پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا خود لاک ڈاؤن ہوچکا، عوام نے شکست خوردہ عناصرکوہرموقع پررد کردیا، جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو2018 میں بھی شکست ہوگی۔