پنجاب حکومت

میری سفارش پر مسلم لیگ ن کے کسی رکن کو کسی منصوبے کے لئے ایک روپیہ نہیں دیا گیا ، ،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد ۔ 3 فروری (ملت +اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ان کی سفارش پر مسلم لیگ ن کے کسی رکن کو کسی منصوبے کے لئے ایک روپیہ نہیں دیا گیا اور اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ پارلیمانی سیکریٹری رانا افضل نے کہا ہے کہ ارکان کی سکیموں پر عمل درآمد کرنے والے اداروں کو فنڈز جاری کئے جاتے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کی جانب سے یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین کو ترقیاتی منصوبوں کے لئے کروڑوں روپے جاری کئے جا رہے ہیں جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کے حلقے میں ابھی تک ان کی سفارش پر ایک روپیہ نہیں دیا گیا اور مسلم لیگی ایم این ایز کو فنڈز دینے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضل نے بتایا کہ کسی رکن کو پیسے نہیں ملے، رقم متعلقہ اداروں کو دی جاتی ہے۔ یہ سختی سے ہدایت ہے کہ کسی کو براہ راست ترقیاتی اداروں کے لئے فنڈز نہیں دیئے جائیں گے۔