پنجاب حکومت

نیب کی پلی بارگین فراڈ ہے: شہباز

لاہور: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (نیب) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مہذب معاشروں میں پلی بارگین کے باوجود مجرموں کو سزا ملتی ہے تاہم ہمارے یہاں پلی بارگین کے ذریعے چند کوڑیوں کے عوض اربوں کی کرپشن معاف کر دی جاتی ہے۔ بلوچستان میں پلی بارگین کے ذریعے معاملہ ختم کر دیا گیا۔ نیب کی پلی بارگین فراڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلی بار گین کے معاملے پر مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درخواست کرتا ہوں اس نظام کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہسپتالوں میں حاضری کا نظام غاروں کے دور کا چل رہا ہے۔ ہسپتالوں میں حاضری کے خود کار نظام کی مخالفت کرنا کس کی خدمت ہے۔ ہسپتالوں میں حاضری کا خود کار نظام ہر قیمت پر نصب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مانتے ہیں ملک میں کرپشن ہے، حکومت اس کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔ تاہم چند مٹھی بھر بلیک میلر ایسے بات کرتے ہیں جیسے تمام معاملات 100 فیصد خراب ہیں اور صرف کرپشن ہے۔