پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب کی استنبول میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت

لاہور:(ملت): وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے ترکی کے شہر استنبول میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔وزیراعلیٰ نے ترک قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر دلی دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام غم کی گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے اور بلا شبہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی چیلنج ہے جس سے مشترکہ کوششوں سے نمٹنا ہو گا اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے مل کر مربوط انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے ۔