پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب کی برطانوی پارلیمنٹ کے باہر حملے کی شدید مذمت

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لندن میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کے باہر حملے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے، وزیراعلی پنجاب نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلی نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی ہے ۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں برطانوی عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اورزخمی افراد کے ساتھ ہیں ۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد انسان نہیں، سفاک درندے ہیں اور وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں اور وہ کڑی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں برطانیہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکاہے اور دہشت گرد اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے مل کر مربوط انداز میں کام کرنا ہے۔