پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں تقریب، چین نے دوستی کا حق ادا کیا، چین سے سیکھنے کی بھی کوشش کرتے ہیں : شہبازشریف

بیجنگ(ملت آن لائن)وزیراعلی شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور، پاک چین تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین رابطے مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے اس وقت پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کیا ہے جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔ سی پیک چین کے صدر، وزیراعظم اور حکومت کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے اور پاکستانی قوم چین کے اس تاریخ ساز تحفے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ چین کو دوسری بڑی معاشی طاقت بنانے میں کمیونسٹ پارٹی، چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے سوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت کارفرما ہے۔148 بلاشبہ چین کی ترقی اس کی قیادت اور عوام کی محنت اور قربانیوں کا معجزہ ہے147۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ ون بیلٹ ون روڈ فورم کے انعقاد پر چین کی قیادت کو مبارکباد دیتا ہوں اور پاکستان ون بیلٹ ون روڈ فورم کے تاریخی اقدام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ہماری حکومت صرف چین کی تعریف ہی نہیں کرتی بلکہ بہت کچھ سیکھنے کی بھی کوشش کرتی ہے۔