پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کا عوام کو سہولتو ں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار

صاف پانی فراہمی

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کو یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں ہارٹیکلچر،بس شیڈز کی تعمیر ،گرین بیلٹس کے قیام اوردیگرترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو سہولتو ں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیرکا کوئی جواز نہیں اور میں آئندہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے کام کرکے نتائج دینا ہے ۔ اگر ادارے اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دیں تو مسائل حل ہوتے ہیں۔اداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہوکرمربوط انداز سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں ہارٹیکلچر کو فروغ دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو پھولوں اورپودوں سے دیدہ زیب بنایا گیا ہے ۔ ہمیں اپنے شہروں کو گرین بیلٹس،پھولوں اورپودوں سے گل وگلزار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے کیے گئے فیصلوں پر تیزرفتاری سے عملدر آمد کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔صوبائی دارالحکومت کی بعض سڑکوں پر اب تک بس شیڈز نہ بننا قابل افسوس ہے ۔عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی اورہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے ڈویژن کی سطح پر اتھارٹیز کے قیام کا جائزہ لیاجائے۔مشیر خواجہ احمد حسان،لارڈ مےئر لاہورمبشرجاوید،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،وائس چےئرمین پی ایچ اے، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی،ڈی جی پی ایچ اے،متعلقہ سیکرٹریز، کمشنرلاہورڈویژن وڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چےئر مین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔