پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس

لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کے نئے میدان خصوصاً کرکٹ گراؤنڈز بنانے اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔حنیف عباسی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اورنوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور یوتھ کمیشن کے پہلے اجلاس کی میں خود صدارت کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں کرکٹ اور پلے گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 کرکٹ اور پلے گراؤنڈز بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ کرکٹ گراؤنڈز اور پلے گراؤنڈز بنانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور سکولوں میں موجود پلے گراؤنڈز میں بھی کرکٹ کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے اورجن اضلاع کے سکولوں میں گراؤنڈز بڑی ہیں، وہاں پر رات کے وقت کرکٹ کھیلنے کا انتظام کیا جائے۔ نئی بننے والی کرکٹ گراؤنڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ رات کے وقت ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے اور اس ضمن میں سکولوں کا جلد سروے کرا کر کرکٹ گراؤنڈز کی نشاندہی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گراؤنڈز کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ ای لائبریریز کے پروگرام کو جدت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس کرکٹ گراؤنڈز، پلے گراؤنڈز اور ای لائبریریز بنانے کے پروگراموں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئی برہمی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ نے پروگراموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی راولپنڈی اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔