پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ

لاہور (ملت + اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بناناپنجاب حکومت کا مشن ہے ۔اربوں روپے کی لاگت سے میرٹ کی بنیاد پر ہونہار طلبا و طالبات میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔قوم کے بچے اوربچیوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے ۔آئندہ ڈیڑھ سال میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر مزید لاکھوں لیپ ٹاپ دےئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم جدید علوم کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے ۔لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام نوجوانوں کی تعلیم اورانہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے اتنہائی اہمیت کا حامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے اگلے مرحلے میں لیپ ٹاپ کی خریداری اور تقسیم کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام میں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہاکہ مفاد عامہ کے اس انتہائی اہمیت کے منصوبے کو تیزرفتاری سے آگے بڑھانا ہے ۔ پاکستان کامستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے ۔پنجاب حکومت نے صوبے میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے موثر اقدامات کیے ہیں ۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات، چےئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔