پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس

لاہور:(ملت) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتائج ہر صورت عوام تک پہنچنے چاہئیں۔دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے درد دل اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے اصلاحاتی پروگرام کا ذاتی طور پرجائزہ لے رہا ہوں۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے تمام اضلاع کے ہسپتالوں کو سی ٹی سکین مشینیں مہیا کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور یہ مشینیں آؤٹ سورس ہوں گی۔ انہو ں نے کہا کہ ہسپتالوں میں سی سٹی سکین کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔