پنجاب حکومت

وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور بم دھماکہ میں شہید ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے گھرپہنچ گئے

حجرہ شاہ مقیم (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف لاہور بم دھماکہ میں شہید ہونیوالے ایلیٹ فورس کے دو جوانوں کے گھرپہنچ گئے،حجرہ شاہ مقیم کے نواحی گاؤں بھیلا گلاب سنگھ میں شہید عرفان محمود کی بیوہ ،معصوم بچے کے سر پر ہاتھ رکھا ،انہیں ایک کروڑ کی رقم کا چیک دیا ،مکمل تنخواہ ودیگر محکمانہ مراعات جاری رکھنے کا اعلان کیا اور بڑے بھائی کو پولیس ملازمت دینے کے ساتھ ساتھ گاؤں کے سرکاری سکول کا نام شہید عرفان محمود سے منسوب کر دیا،بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دوسرے شہید ایلیٹ فورس کے جوان ندیم کمیانہ کے گاؤں موضع چار جی ڈی گئے جہاں انہوں نے شہید کی بیوہ اور اسکی دو معصوم بچیوں سے غم و افسوس کا اظہار کیا اور انہیں ایک کروڑ روپے کی رقم کا چیک دیااورشہید کے چھوٹے بھائی کو پولیس میں ملازمت دینے اور تمام مراعات جاری رکھنے کا حکم دیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے گاؤں کے گرلز سکول کو اپ گریڈ کرتے ہوئے شہید ندیم کمیانہ کے نام سے منسوب کر دیا،اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم ماں باپ ہیں جنہوں نے عرفان محمود اور ندیم جیسے جوانوں کو جنم دیا،انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور انکا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔