پنجاب حکومت

پاکستان امن اور روشنیوں کے سفر پر رواں دواں ہے: شہباز شریف

لاہور (ملت + آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری احمد سعید کی رہائش گاہ گلبرگ گئے اور چوہدری احمد سعید کو گلدستہ پیش کیا۔وزیر اعلی نے چوہدری احمد سعید کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج امن اور روشنیوں کے سفر پر رواں دواں ہے اور ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے اجتماعی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے شکست خوردہ عناصر کی سوچ نہیں بدلی ۔ بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ۔ شکست خورد ہ عناصر کو ملک و قوم کیلئے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے اور ہم نے مل کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کو مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے ۔ چوہدری احمد سعید نے وزیر اعلی کو فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت اور تیز رفتاری سے تکمیل پر مبارکباددی۔