پنجاب حکومت

پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی

چکوال (ملت + آئی این پی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منیر مسعود مارتھ نے ہفتے کے روز بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہے اور پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے اور پتنگ بازی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ڈی پی او چکوال نے بتایا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا اور خطرناک کھیل ہے جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں جا چکی ہیں لہٰذا پتنگ بازی کرنے والوں ، پتنگ فروخت کرنے والوں اور ڈور بنا کر فروخت کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے اور قانون شکن عناصر کو کسی صورت بھی غیر قانونی کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر سٹی پولیس اور صدر پولیس نے تین مختلف کارروائیوں میں تین پتنگ فروشوں کو گرفتار کر کے ان سے پتنگیں اور ڈوریں برآمد کرلیں۔ سب انسپکٹر محمد شریف نے محلہ فاروقی سے محمد فاروق ولد رب نواز کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے33پتنگیں اور دو ڈوریں برآمد کیں ۔جبکہ سب انسپکٹرمحمد عجائب نے ارشد محمود ولد غلام حسن ساکن محلہ فاروقی سے 110پتنگیں اور آٹھ ڈوریں برآمد کیں۔ دریں اثناء صدر تلہ گنگ پولیس کے سب انسپکٹر سکندر حیات نے قصبہ اکوال میں ارشد ولد نور محمد ساکن ملکوال کو گرفتار کر کے اس سے 22رول ڈوریں برآمد کیں۔ ملزمان کیخلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے انہیں جوڈیشل حوالات بھیجوا دیا گیا۔