پنجاب حکومت

پنجاب حکومت نے سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز تقرری و سرچ کمیٹی کی تشکیل کے طریقہ کار پر نظرثانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی،وزیرہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں

لاہور۔(ملت آن لائن) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری اورسرچ کمیٹی کی تشکیل کے طریقہ کار پر نظرثانی کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کمیٹی کے کنوینر ہونگے جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سارہ سعید، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، لمزسے ڈاکٹر عارف نذیر بٹ اور ڈاکٹر محمد احسن رانا، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر محمد علی اورسابق وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر نجمہ نجم شامل ہونگے، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے اے پی پی کوبتایا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی وائس چانسلرز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے مطلوبہ تعلیمی قابلیت، تجربہ و اہلیت اورسرچ کمیٹی کی تشکیل کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیگی، انہوں نے بتایا کہ کمیٹی سرچ کمیٹی کی تشکیل کیلئے پروفیشنل اور موزوں افراد کے پینل کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کریگی جبکہ ایچ ای ڈی پنجاب اس سلسلے میں کمیٹی کی مکمل معاونت کریگا۔