پنجاب حکومت

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص اشیاء خورو نوش کے خلاف کارروائی

لاہور:(ملت): صحت مند پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی پنجاب بھر میں ناقص اشیاء خورونوش بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مری میں فائیو اسٹار ہوٹل کو ناقص صفائی پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کچن میں موجود استعمال شدہ خوردنی تیل ضائع کر دیا گیا جبکہ فیصل آباد میں ناقص مرچیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارتے ہوئے 2500 کلو مضر صحت مرچیں اور مصالحے موقع پر تلف کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ۔ گوجرانوالہ میں بچوں کے لیے گولیاں ، ٹافیاں ، چاکلیٹس اور بسکٹس بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارتے ہوئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ناقص صفائی اور مضر صحت غذائی اجزاء استعمال کرنے پر فیکٹری کا پروڈکشن یونٹ حالات بہتر ہونے تک بند کر دیا ۔ مزید برآں مختلف شہروں میں اتوار بازاروں کی چیکنگ کی گئی لاہور میں ماڈل ٹاؤن ، جوہر ٹاؤن ،وحدت کالونی اور سبزہ زار اتوار بازاروں کی چیکنگ کے دوران مختلف سٹالز سے 300 کلوناقص سلانٹی اور 700 کلوناقص پھل فوری طور پر ہٹا دیا گیا ۔ فیصل آباد میں جھنگ بازار ، کلیم شہید روڈ اور پیپلز کالونی اتوار بازاروں کی چیکنگ کی گئی اور 600 کلو گلے سٹرے پھل فوری طور پر ہٹا دیے گئے ۔ گوجرانوالہ میں مختلف اتوار بازاروں کی چیکنگ کے دوران ناقص اشیاء بیچنے پر تین سٹالز بند کرتے ہوئے 400 کلو پھل تلف کر دیا گیا۔ ملتان میں شاہ رکن عالم اتوار بازار کی چیکنگ کی گئی اور ناقص صفائی 22 سٹالز کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ۔