پنجاب حکومت

پنجاب کابینہ کااجلاس 2گھنٹے جاری رہا، 8نکاتی ایجنڈا زیر بحث آیا

لاہور:(ملت): وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا پنجاب کابینہ کااجلاس 2گھنٹے جاری رہا،جس میں 8نکاتی ایجنڈا زیر بحث آیا۔وزیراعلیٰ نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے سدباب اوراس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سزائیں سخت کرنے اورجرمانے بڑھانے کے حوالے سے ڈرگ ایکٹ 1976میں ترامیم کوسب سے پہلے زیر بحث لانے کی ہدایت کی اورکہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ان عناصر کی مکمل سرکوبی ضروری ہے لہذا اس اہم معاملے پر سب سے پہلے غورکیا جانا چاہیے،جس پر پنجاب کابینہ نے اتفاق رائے سے سب سے پہلے ڈرگ ایکٹ1976میں ترامیم کی منظوری دی۔اجلاس کے دوران صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ 2016 اور پنجاب سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016 کے حوالے سے صوبائی وزراء ،مشیران اورمعاونین خصوصی نے تجاویز دیں اور بعدازاں پنجاب کابینہ نے صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ 2016اورپنجاب سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016 کی متفقہ طورپر منظوری دی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزراء احمد یار ہنجرا کے والد اور مہر اعجاز اچلانہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔