پنجاب حکومت

چاروں صوبوں میں میٹرو ٹرانسپورٹ شروع ہو گی: شہباز

لاہور: (ملت+اے پی پی)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبے کے چار ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دی ہے ، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جانیوالے سہولت مراکزمیں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے تھانے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کابینہ کمیٹی برائے سپورٹس تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کمیٹی کیلئے 10 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری بھی دیدی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان چار صوبوں،آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان پر مشتمل ہے اوراس میں بسنے والے 20کروڑ عوام باہمی اخوت اوربھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہیں،سب اکائیاں ملکر ترقی کریں گی تبھی پاکستان آگے بڑھے گا۔بلوچستان کے ساتھ ماضی میں زیادتیاں ہوئیں ، این ایف سی ایوارڈ کیلئے پنجاب نے اپنا حصہ کاٹ کر بلوچستان کو دیا، سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں میٹرو ٹرانسپورٹ شروع ہو گی۔ پنجاب کے مطالعاتی دورے پر آئی ہوئیں بلوچستان کی طالبات اور اساتذہ کے وفدسے گفتگو کرتے شہبازشریف نے کہاکہ بلوچستان کی تعلیمی ،آمد روفت اوردیگر ضروریات کو پورا کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت یہ ذمہ داری نبھارہی ہے ۔ سی پیک اگرچہ پورے پاکستان کا عظیم منصوبہ ہے تاہم اس سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا،سی پیک سے بلوچستان اوروہاں بسنے والے ہمارے بہن بھائیوں کی تقدیر بدلے گی۔وزیراعلیٰ نے کہامیرا ایمان ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اورہماری پہچان پاکستان کی وجہ سے ہے ۔ ہم سب کو پاکستان کیلئے سوچنا چاہیے ،اگر روٹی ایک ہے تو چاروں بھائیوں کو مل کرکھانی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کی طالبات اوراساتذہ کو لیپ ٹاپ دئیے اورگوادر سے تعلق رکھنے والے 10طلبا و طالبات کو پنجاب حکومت کے اخراجات پر چینی زبان سکھانے کیلئے چین بھجوانے کا اعلان کیا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں سہولت مراکز بنانے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سہولت مراکز کے قیام کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیزپاکستانیوں کو درپیش مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے اس حوالے سے کمیشن کی کارکردگی تسلی بخش ہے ۔ بعدازاں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کابینہ کمیٹی برائے سپورٹس تشکیل دینے کی ہدایت کی اور 10 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری دی ۔انہوں نے کہاکابینہ کمیٹی فیصلے کرنے میں مکمل بااختیار ہوگی،وزیراعلیٰ نے ضلع کی سطح پر سپورٹس کنسلٹنٹس اور مختلف کھیلوں کے کوچز بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے سپورٹس کے مختص کردہ کوٹہ پر بھی سوفیصد عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مختص کردہ سپورٹس کوٹے پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں سے جواب طلبی کی جائے گی۔