پنجاب حکومت

ڈسٹرکٹ پولیس بھکرنے محرم الحرام میں سکیورٹی پلان جاری کردیا

بھکر(ملت آن لائن) ڈسٹرکٹ پولیس بھکرنے محرم الحرام میں امن و امان بر قرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان جاری کردیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بھکر خرم شکور نے محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور مجالس و جلوس کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ایک جامع سکیورٹی پلان مرتب کروایا ہے۔ جس کے مطابق ضلع بھر میں منعقد کروائی جانے والی مجالس کی کل تعداد 1478 ہے جن میں سے 47 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ جلوسوں کی کل تعداد 297 ہے جن میں سے 45 جلوس حساس قرار دیے گئے ہیں۔ اس مقصد کیلئے کل 1936 پولیس افسران و اہلکاران مامور کیے جائیں گے۔ سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاک آرمی کی 2 کمپنیز، ایلیٹ پولیس فورس کی 10 ٹیمیں طلب کی جارہی ہیں۔ضلع کے اندر سکیورٹی کی صورت حال اور جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کیلئے ڈی پی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ بھکر پولیس اپنی پوری توانائیوں اور موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امن و امان کی بہتری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او بھکر نے عوام الناس سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے،مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ کسی بھی خلاف قانون سرگرمیوں یا امن دشمن عناصر کی خبر فوری طور پر پولیس کو دی جائے۔