پنجاب حکومت

کراچی سے کول پاو رپلانٹ کیلئے کوئلے کی پہلی کھیپ لے کر ٹرین ساہیوال پہنچ گئی

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کراچی سے کوئلے کی پہلی کھیپ لے کر آنے والی ٹرین کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ، صوبائی وزراء چوہدری شیر علی، ملک ندیم کامران، چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، اراکین اسمبلی، چینی انجینئرز اور ورکرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کراچی سے کول پاور پلانٹ ساہیوال کیلئے کوئلہ لانے والی پہلی ٹرین کے پہنچنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب کراچی سے 12ہزار ٹن کوئلہ ساہیوال کول پاو رپلانٹ کیلئے قادر آباد پہنچا ہے۔ یہ اس خواب کی تعبیر کی جانب اہم قدم ہے جو وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے ملک سے اندھیرے دور کرنے کیلئے دیکھا تھا۔ ساہیوال کول پاو رپلانٹ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے تحت مہران کی وادیوں، بلوچستان کے سنگلاخ اور خیبرپختونخوا کے برف پوش پہاڑوں ، پنجاب کے میدانی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منصوبے لگ رہے ہیں۔ محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ چین میں تیل یا گیس کے ذخائر نہیں اور نہ ہی پیسے درختوں پر لگتے ہیں بلکہ یہ چین کے عوام کی محنت کی کمائی ہے جو انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے 20 کروڑ عوام کے قدموں پرنچھاور کردی ہے تاکہ پاکستان قائداعظمؒ کے تصورات کے مطابق معاشی طور پر آزاد ملک بنے، دنیا کے نقشے پر طاقت ور ملک بن کر ابھرے، پاکستان سے غربت ختم ہو اور اندھیرے دور ہوں، زراعت، صنعت ترقی کرے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو۔ یہی پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کا خواب تھا جسے تعبیر دینے کیلئے چین نے بھرپور مدد کی ہے۔ میں چین کے صدر، وزیراعظم اور چینی کمپنیوں کا بے حدممنون ہوں جو اس خواب کو تعبیر دینے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔