پنجاب حکومت

کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے: شہباز شریف

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اداروں نے بھی موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کے خلاف موجودہ حکومت کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔وہ جمعرات کو رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے بلکہ وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پر خرچ کیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور اعلیٰ معیار میں اپنی مثال آپ ہیں۔ساڑھے تین برس کے دوران دیانت کے ساتھ کی گئی محنت رنگ لا رہی ہے۔70 برس کی غلطیوں کی تلافی محنت اور عزم کے ساتھ کر رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ حکومت اور حصول اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ باشعور عوام دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسترد کرچکے ہیں۔ پاکستان کے عوام ترقی دشمن سیاست سے متنفر اور بیزار ہو چکے ہیں اور صرف اور صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔