پنجاب حکومت

کرپشن میں کمی موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے: شہبازشریف

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان میں کرپشن میں کمی اورشفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اورپاکستان میں کرپشن میں کمی اورشفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔بین الاقوامی اداروں نے بھی حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں پرمہرتصدیق ثبت کی، حکومت نے اربوں روپے بچاکرعوامی فلاح کے منصوبوں پرخرچ کیے جس کے سب معترف ہیں۔ بعد ازاں رکن قومی اسمبلی رضا حیات سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، عوام دھرنا دینے والوں اور کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسترد کرچکے ہیں، ن لیگ کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور اعلیٰ معیارمیں اپنی مثال آپ ہیں، ساڑھے 3 برس کے دوران دیانت کے ساتھ کی گئی محنت رنگ لارہی ہے، پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔