پنجاب حکومت

ینگ ڈاکٹرزسے متعلق شکایات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، یاسمین راشد

لاہور: (ملت آن لائن)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرزکے رویے سے متعلق ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آئے ہوئے 2 ماہ ہوئے ہیں، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات مل رہی ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ موسم سرد ہورہا ہے پیڈزکے شعبے کو بہتربنانے کی ہدایت کی ہے، 125 نرسزہولی فیملی اورڈی ایچ کیواسپتال میں بھرتی کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرزاوربیڈزکی کمی کوفوری دورکرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، اٹک اور میانوالی میں اسپتال بنا رہے ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرزسے متعلق شکایات دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز کے رویے سے متعلق ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں بھرتیوں اور ترقیوں میں میرٹ کا مکمل خیال رکھا جائے اور ہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

وزیر صحت پنجاب نے محکمہ صحت میں روبوکال سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سروس سے شہریوں کو مفت طبی مشورے دیے جائیں گے۔