پنجاب حکومت

FD-16 جشن آزادی منانے کا تقاضا ہے کہ ہم خلوص نیت اور دیانتداری سے فرائض انجام دیکر پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جائیں ،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر

فیصل آباد: (ملت آن لائن) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام پنجاب بھر میں جشن آزادی کی تقریبات منانے کا سلسلہ جاری ہے جس میں سماجی تنظیموں کی بھر پور انداز میں شرکت سے جذبہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ حاصل ہو رہا ہے جبکہ پاکستان بے شمار قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا تھا اسلئے اسکی تعمیر و ترقی میں بھی ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ کو بیدار رکھنا ہے نیز جشن آزادی منانے کا تقاضا ہے کہ ہم خلوص نیت اور دیانتداری سے فرائض انجام دیکر پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جائیں ۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے ضلعی محکمہ سوشل ویلفیئر کی زیر نگرانی جشن آزدی کے حوالے سے پروین شاکر کمپلیکس لیڈی باغ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل پاکستان کے مستقبل کی امین ہے جنہیں حصول آزادی میں دی جانے والی قربانیوں سے آشنا رکھنا چاہئے تاکہ وہ تحفظ آزادی میں اپنا بھر پور کردار کرنے کیلئے ہمہ وقت پر عزم رہیں۔ انہوں نے مختلف ملی نغموں پر سکولوں کے بچوں کی بہترین پرفارمنس کو سراہتے ہوئے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے قابل بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود معاشرتی بھلائی اور فلاح کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد قیام پاکستان کے مقاصد کا کماحقہ حصول ہے۔ انہوں نے جشن آزادی کی شاندار تقریب منعقد کرنے پر مینجمنٹ کمیٹی ‘ ‘ پرنسپل اور دیگر تنظیموں کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم 71 واں یوم آزادی اس عہد کے ساتھ منا رہی کہ وطن عزیز کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کیلئے پہلے سے بڑھ کر جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس دھرتی میں ہمارے اسلاف کا لہو شامل ہے اور اس قرض کو چکانے کیلئے نئی نسل پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی کیلئے اپنا فرض احسن انداز میں نبھائیں ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے دن کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد ایک زندہ قوم کے تشخص کو مزید اجاگر کرنا ہے۔