خبرنامہ پنجاب

پنجاب ایگزمینیشن کمیشن پانچویں اورآٹھویں جماعت کا دسمبر ٹیسٹ خود لے گا

لاہور(ملت + آئی این پی) پنجاب ایگزمینیشن کمیشن سرکاری سکولوں میں پانچویں اورآٹھویں جماعت کا دسمبر ٹیسٹ خود لے گا‘ تمام مضامین میں فیل ہونے والے طلباوطالبات کو فائنل امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ایگزمینیشن کمیشن نے پہلی بار فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرکاری سکولوں میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کا دسمبر ٹیسٹ خود لے گا۔ دسمبر ٹیسٹ میں صرف 5 مضامین انگریزی، اردو، حساب، سائنس اور معاشرتی علوم کا امتحان لیا جائے گا تاکہ طلباوطالبات کی فائنل امتحان کی تیاری کرائی جاسکے ذرائع کے مطابق سوالیہ پرچہ پیک انتظامیہ فراہم کرے گی۔ امتحان کیلئے ماڈل پیپرز پنجاب ایگزمینیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ طلباوطالبات پیک کی ویب سائٹ سے ماڈل پیپرز حاصل کرکے تیاری کرسکیں گے۔ تمام پیپروں کی مارکنگ پیک انتظامیہ کی زیر نگرانی ہوگی۔ تمام مضامین میں فیل ہونے والے طلباوطالبات کو فائنل امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔