خبرنامہ پنجاب

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری سیل

لاہور(آئی این پی)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری سیل کر دی جبکہ جعلی مشروبات کی ہزاروں بوتلیں قبضے میں لے لیں اور نمونے لیبارٹری میں بھجوا دیئے ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کی قیادت میں لاہور کے نواحی علاقے جلو میں جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار مارا ۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں ملکی اور غیر ملکی برانڈ کے جعلی مشروبات تیار کیے جا رہے تھے ، بوتلیں گندے پانی سے دھوئی جا رہی تھیں جبکہ فیکٹری میں مچھروں اور مکھیوں کی بھی بھرمار تھی۔ٹیم نے جعلی مشروبات کی 20ہزار خالی اور 10ہزار بھری بوتلیں برآمد کر کے فیکٹری سیل کر دی جبکہ نمونے لیبارٹری میں بھجوا دیئے ۔ایک اور کارروائی میں ایک ہزار کلو مضر صحت سرخ مرچیں پکڑی گئیں۔ عائشہ ممتاز نے بتایا کہ یہ مرچیں ملتان سے بک کرائی گئیں او ریہاں سے انہیں پرچون دکانوں پرجانا تھا لیکن راوی ٹاؤن کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو قبضے میں لے کر ایک ہزار کلو مضر صحت سرخ مرچیں قبضے میں لے لیں۔ انہوں نے بتایا کہ لکڑی کے برادے کو فارن ڈائی یا ٹیکسٹائل کلر دے کر مختلف اقسام کے آئل لگادئیے جاتے ہیں اور یہ غیر معیار ی ہی نہیں بلکہ مضر صحت ہیں اور اس کے کھانے سے معدے او رجگر کے کینسر کے امراض پھیل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دیدی گئی ہیں۔