خبرنامہ پنجاب

پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ کی خودکشی

لاہور۔25 اکتوبر(ملت + اے پی پی) پنجاب یونیورسٹی گرلز ہاسٹل نمبر 5 میں یونیورسٹی میں داخلے کی امیدوار عائشہ فرقان نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو اطلاع ملی کے گرلز سپورٹس ہاسٹل نمبر 5 کے کمرہ نمبر ایک میں اٹک کی رہائشی 22 سالہ عائشہ فرقان نامی لڑکی نے چھت کے ساتھ پھندا لٹکا کر خودکشی کر لی ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی کے بعدلاش تحویل میں لے لی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق عائشہ فرقان 23 اکتوبر سے پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل نمبر 5 میں اپنی کزن سعدیہ خالد ، جو کہ بی ایس آنرز کی2012-16 کی طالبہ ہے، کے پاس بطور مہمان قیام پذیر تھی اور اس نے قانون کے مطابق ہاسٹل انتظامیہ سے عارضی قیام کی اجازت لے رکھی تھی۔ عائشہ فرقان نے کرکٹ اور اتھیلٹکس کی بنیاد پر ٹرائلز دے رکھے تھے اور ٹرائلز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر امیدوار کی سلیکشن ہو چکی تھی تاہم میرٹ لسٹیں اگلے دو چار روز میں آویزاں ہونا ہیں۔