لاہور: (اے پی پی) ملک کے مختلف حصوں میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گیں ، ریلیوں میں شریک افراد نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا نوٹس لیں ۔ پاک افغان سرحدی علاقے برابچہ اور تحصیل چاغی میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ مظاہرین نے بھارتی بربریت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ ڈیرہ بگٹی میں موٹر سائیکلوں پر احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ ڈیرہ مراد جمالی میں پریس کلب کے سامنے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہندوستان مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ احتجاجی ریلی میں شریک مظاہرین نے پاک فوج اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں بھی نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی قوتیں آگے بڑھیں اور مسئلہ کشمیر کو حل کروایا جائے ۔ صادق آباد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے خلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔
خبرنامہ پنجاب
کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں
