خبرنامہ پنجاب

احتساب کیلئے تیار ہیں،کوئی ثبوت ہیں تو کارروائی کیجائے:عابد شیرعلی

فیصل آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہم احتساب کیلئے تیار ہیں،کوئی ثبوت ہیں تو کارروائی کریں، نیب کے پنجاب میں آنے سے کسی کی دم پر پاؤں نہیں آیا،ریاستی ادارے شواہدکی بنیاد اور حدود میں رہ کر میرٹ پر کام کریں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں،شواہد کے بغیر ہاتھ ڈال کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا مناسب بات نہیں ، دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا کہ نیب کے پنجاب میں آنے سے کسی کی دم پر پاؤں نہیں آیا، ملک کے ریاستی ادارے آزاد ہیں،بغیر شواہد کے بات نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی ترجیح رہا ہے، ریاستی ادارے شواہد کی بنیاد پر کام کریں، ادارے اپنی حدود میں رہ کر اور میرٹ پر کام کریں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے کہا کہ ہم احتساب کیلئے تیار ہیں، کوئی ثبوت ہیں تو کارروائی کریں۔ ایک سوال کہ کیا تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے لوگ بھی مصطفی کمال کے ساتھ ہیں، کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ یہ ٹی ٹوئنٹی میچ ہے ،نتیجہ آنے پر پتہ چلے گا، شواہد کے بغیر ہاتھ ڈال کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا مناسب بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اس سال کے آخر تک 80فیصد گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ میری دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں امید ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائے گی اور ملک کانام روشن کرے گی۔(اح)