خبرنامہ پنجاب

الیکشن کمیشن کی رکنیت؛ پنجاب سےتحریک انصاف کی مجوزہ شخصیت نااہل نکلی

لاہور:(اے پی پی) الیکشن کمیشن میں پنجاب کے رکن کے لیے تحریک انصاف کے مجوزہ شخص طارق کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ آئینی طور پر اس عہدے کے لیے نااہل ہیں۔ گزشتہ روزعمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کے لئے تحریک انصاف کے مجوزہ نام طارق کھوسہ پرعدم اتفاق پر شدید تنقید تھی تاہم اب یہ تنقید بے بنیاد ثابت ہوئی ہے کیونکہ آئینی طورپرطارق کھوسہ الیکشن کمیشن کے رکن بننے کے اہل ہی نہیں۔ طارق کھوسہ ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسرہیں جو اپنی مدت ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، وہ سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں اورطارق سعید کھوسہ کی شہرت ان کی ایمانداری ہے ، اسی بنیاد پرتحریک انصاف نے ان کا نام پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے تجویزکیا تاہم طارق سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ ان کا نام تجویز کرنے سے قبل ان سے کسی نے اس حوالے سے رائے ہی نہیں مانگی۔ طارق سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان سے الیکشن کمیشن کا رکن بننے کے لئے کوئی رضامندی نہیں لی گئی اورنا ہی تحریک انصاف کے کسی ذمہ دار کی ان سے اس حوالے سے بات ہوئی، آئین کی رو سے ان کی عمر اس عہدے کے اہل افراد سے زیادہ ہو چکی ہے اس لئے وہ الیکشن کمیشن کی رکنیت اہلیت ہی نہیں رکھتے۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی نے مختلف ناموں کو حتمی طور پر منظور کرلیا ہے اور ان کی تقرری کا نوٹی فکیشن جلد ہی جاری کردیا جائے گا۔