خبرنامہ پنجاب

حضرت میاں میر ؒ لاہورکے395ویں سالانہ عرس کے موقع پرصوبائی وزیراوقاف کا مزارکوعرق گلاب سےغسل

لاہور۔(ملت آن لائن)محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیراہتمام حضرت میاں میر ؒ لاہورکے395ویں سالانہ عرس کے موقع پرصوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے میاں میر بالاکے مزار مبارک کو خالص عرق گلاب سے غسل دیا،اس موقع پر محکمہ اوقاف کے افسران،کمیٹی کے ممبران کے علاوہ گلاسکو یونیورسٹی سے آئے پروفیسر مسٹر گلائیڈ بھی موجود تھے،اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف نے تلاوت قرآن پاک کی اور نعت پڑھ کرمزار میاں میر کو غسل دیا، صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ صوفیاء نے اس خطے میں جو طرزِ معاشرت استوار کی اس میں شرفِ آدمیت اور تکریم انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل تھی،صوفیاء نے رنگ ونسل اور علاقائی وقبائلی تقسیم سے بالا ہوکر رواداری ،اخوت اور انسان دوستی جیسے جذبوں کو پروان چڑھایا ، معاشرتی تحفظات اور سوشل سکیورٹی کی بہم رسانی کویقینی بنایا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے ،اسی سے دُکھی انسانیت کو سکون اور فلاحی معاشرے کی منزل میسر آسکے گی ۔