خبرنامہ پنجاب

حکمران جماعت خود ہی انتشار‘ انارکی اورماردھاڑکی سیاست کررہی ہے: سرور

لاہور: (ملت+ آئی این پی) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ڈنڈوں اور گنڈاسوں سے تحر یک انصاف کے کارکنوں کو دھمکیاں دہشت گردی کے زمرے میں آتیں ہیں ‘عوام اگر کرپشن کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں تو یہ کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام نہیں‘حکمران جماعت خود ہی انتشار ‘ انارکی اور مار دھاڑ کی سیاست کررہی ہے جن لوگوں کے دامن پر کرپشن کے دھبے ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ملک ڈنڈے سوٹے کے کلچر کا متحمل نہیں ہوسکتا اور حالات کو بلاوجہ انارکی کی طرف دھکیلنے والے حکمران کسی صورت بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ لوٹی گئی دولت کی واپسی تک ہم لٹیروں کا پیچھا کریں گے اور اقتدار کے ایوان کرپٹ ٹولے کو تحفظ نہیں دے سکیں گے جن لوگوں کے دامن پر کرپشن کے دھبے ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی تحر یک احتساب کا میابی سے ہمکنا ر ہوکر رہے گی اور لٹیروں کو قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قوم سے جتنے بھی وعدے کیے وہ سب جھوٹ ثابت ہوئے‘ کشکول توڑنے کا جھوٹا وعدہ بھی اس میں شامل ہے‘غیر ملکی قرضوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا جس کا سود آئندہ کئی نسلیں ادا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر کرپشن کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں تو یہ کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام نہیں اس لیے حکمرانوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا ہوگا ۔