خبرنامہ پنجاب

حکومت تعلیم کے فروغ میں سنجیدہ ہے، تعلیمی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے:ممنون حسین

اسلام آباد:(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ میں سنجیدہ ہے اور تعلیمی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی اردو یونیورسٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو پیر کو ایوانِ صدر میں اْن کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر ایڈوائزری کمیٹی کے سربراہ اور وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین محمد جاوید اشرف حسین نے اپنی رپورٹ بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے ایڈوائزری کمیٹی کی رپورٹ پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک مقدس فریضہ ہے جس کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی سر زد نہیں ہونی چاہئے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی کارکردگی میں بہتری کے لئے قانونی رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ تعلیمی اور ترقیاتی عمل کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکے۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کی پرانی عمارت کی مضبوطی کیلئے جائزہ کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کی۔