خبرنامہ پنجاب

دیا مر بھاشا اور بونجی پراجیکٹ کی تکمیل سے 12000میگا واٹ بجلی ملے گی: حفیظ الرحمن

لاہور (ملت + اے پی پی )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 40ہزار میگاواٹ کا ہائیڈرو پوٹینشل موجود ہے جس کی فزیبلٹی سٹڈی بھی ماضی میں کی جا چکی ہے، دستیاب وسائل سے اگر گزشتہ 30سال سے استفادہ کیا جاتا تو آج پاکستان میں لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی، دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے لینڈ ایکوزیشن مکمل ہو چکی ہے جس میں 12.86ارب روپے کی بچت کی گئی،وہ جمعرات کے روز لاہور پریس کلب کے پروگرام’’میٹ دی پریس ‘‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں7500میگا واٹ کے بونجی پراجیکٹ کا سروے اور فزیبلٹی سٹڈی مکمل ہو چکی ہے،4500میگا واٹ کے دیا میر بھاشا ڈیم اور 7500میگا واٹ کے بونجی پراجیکٹ کی تکمیل سے 12000میگا واٹ بجلی میسر ہو گی،انہوں نے کہا کہ منرل ڈویلپمنٹ پر بھی کام جاری ہے جس کیلئے پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کمپنی سے ملکر سٹڈی کروا رہے ہیں،علاوہ ازیں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے باعث گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں ہماری سوچ سے زیادہ سیاح گلگت بلتستان آئے،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں ایک بھی ہوائی فائرنگ کا واقعہ نہیں ہوا ،گلوبل پیس انڈیکس میں گلگت بلتستان کو سو فیصد پر امن علاقہ قرار دیا گیا،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سی پیک کا جو انڈسٹریل زون بنے گا اس کا نام ایکو انڈسٹریل زون ہو گا،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو بااختیار بنانے کیلئے سرتاج عزیز کی سربراہی میں 6میٹنگز ہو چکی ہیں جو وہاں کے لوگوں کو بااختیار بنانے،وفاق میں زیادہ سے زیادہ نمائندگی سمیت دیگر معاملات پر کام کر رہی ہے،امید ہے معاملات بہتر ہو جائیں گے،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنیوالے سیاحوں کی ہوٹل مالکان کے حوالے سے شکایات کے ازالے کیلئے اس سال 11مجسٹریٹس کو تعینات کیا گیا،جس کی وجہ سے شکایات کم ہوئیں اور اس سال صرف 36شکایات موصول ہوئیں،انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے قیام کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22بڑے ہوٹلز کی طرف سے گلگت بلتستان میں ہوٹلز کے قیام کیلئے درخواستیں آئی ہیں،ہوٹل کے قیام کیلئے زمین لیز پر حکومت فراہم کرے گی،اور 5سال تک اس سے کسی قسم کا ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا،اور اگر کوئی منرل پروسیسنگ یونٹ لگانا چاہتا ہے تو وہ بھی ٹیکس فری ہو گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بہت مدد کر رہی ہے،35کروڑ روپے سے گلگت بلتستان کا انڈو منٹ فنڈ قائم کیا جارہا ہے،دہشتگردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں گلگت بلتستان کی عوام نے دیں،صوبہ کو آئین پاکستان میں شامل کرنے کا مطالبہ موجود ہے جو کرتے رہیں گے،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوسوں کا حق ہے لیکن عمران خان کو اسلام آباد بند کرنے کا شوق ہے تو وہ شٹر ڈاؤن یا پہیہ جام کی اپیل کرکے کر سکتے ہیں مسلح جتھوں کے ذریعے یہ کام کرنا دہشتگردوں کا ایجنڈا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو اقوام متحدہ میں کشمیر میں جا ری بھارتی مظالم پر جرات مندانہ آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔