خبرنامہ پنجاب

سموگ سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات ملتان

ملتان۔(ملت آن لائن) محکمہ تحفظ ماحولیات ملتان کے ڈائریکٹر ظفراقبال نے کہا ہے کہ سموگ سے بچاؤ اور اس کے خطرات کم سے کم کرنے کیلئے حکومتی ہدایات کے تناظر میں تیزی سے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ’’ملت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے اداروں یا انفرادی سطح پر بھی لوگ کوڑا کرکٹ ،ردی اور دیگر فضول اشیاء کوآگ لگا کر تلف کرتے ہیں ،اسی طرح پڑھے لکھے لوگ بھی اپنے احتجاج کے موقع پرسڑکوں پرٹائر جلا کرماحول کو شدید متاثر کرتے ہیں جو قانونی، اخلاقی اور سماجی طورپر بھی غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے ایریا میں اینٹوں کے بھٹے بند کرنے کے نوٹس دیئے ہیں جس کیخلاف بھٹہ مالکان نے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیا ہے ،عدالت میں حکومتی نقطہ نظر اور بھٹوں سے پھیلنے والی آلودگی اور اس سے عوام کی صحت کو پہنچنے والے نقصان سے عدالت عالیہ کو تفصیلی معلومات فراہم کریں گے، تاہم صورتحال یہ ہے کہ زیادہ تر اینٹوں کے بھٹوں میں کچرا ٹائر ،پرانے جوتے ، لکڑی کے برادے پر موبل آئل وغیرہ ڈال کر اینٹوں کی پکائی کی جارہی ہے جو عوام دشمنی اور کثیر آبادی کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ڈائریکٹر ماحولیات نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان کے 13چپ بورڈ ، پیپرمل اور دیگر یونٹس کوماحولیاتی آلودگی کے قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس دے دیئے گئے ہیں،بہت سے یونٹس کو ’’ایئر پلوشن کنٹرول سسٹم‘‘ لگانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں، تعمیل نہ کرنے پر ان کے کیسز قانون کے مطابق ’’ٹربیونل‘‘ کوبھیج دیئے جائیں گے۔