خبرنامہ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب کی نااہلی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں سماعت

صاف پانی فراہمی

لاہور(ملت آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے منظور کرلی۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 34 ملین ڈالر کے اثاثے ظاہر نہیں کئے جس کی وجہ سے وہ عہدے پر رہنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں اس لئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے بھی منسلک رہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر بھی پورا نہیں اترتے۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیے لیکن اس رقم کا کسی منی ٹریل میں ذکر نہیں کیا جب کہ شہباز شریف نے خاندانی شوگر ملز کے لئے بھی اثر و رسوخ استعمال کیا۔

بابراعوان نے پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جےآئی ٹی رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے منظور کرلیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کی تھی۔