خبرنامہ پنجاب

علی پور:مسافرکوچ اورڈمپر میں تصادم، 7 افراد جاں بحق

علی پور:(اے پی پی)علی پور میں مسافر کوچ اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور دس شدید زخمی ہوگئے۔ مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں حمزے والی کے قریب ملتان سے آنے والی مسافر کوچ اچانک مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں تین خواتین سمیت سات افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے دو سالہ بچے سمیت تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔