خبرنامہ پنجاب

عمران خان (کل) جلال پور پیر والا میں این اے 153کے انتخابی جلسہ کریں گے

ملتان( آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ این اے 153 ضمنی الیکشن جیتنے کیلئے ن لیگ حکومتی مشینری استعمال کر رہی ہے۔این اے 154 لودھراں میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے جلال پور میں پیسہ ، وسائل اور تمام طرح کے ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں ۔چئیرمین تحریک انصاف عمران خان 13 مارچ کو جلال پور پیر والا میں این اے 153کے انتخابی جلسہ کریں گے ۔ایم کیوایم کے قائد پرالزامات پر حکومت کوجوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان 13 مارچ کو ملتان آئیں گے اور شہر کے 14 مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا جائے گا جس کے بعد وہ جلال پور پیر والا میں جلسہ بھی کریں گے۔جلالپورپیروالا تک ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ این 154 کی شکست کا بدلہ لینے کیلئے جلال پور پیر والا میں ضمنی الیکشن کیلئے پیسہ اور وسائل سمیت ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،لیکن پی ٹی آئی این اے 153جلالپورپیروالا سے ضمنی الیکشن جیتے گی اور 2018 میں عام انتخابات میں بھی تمام بڑے برج الٹ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جلال پور پیر والا مین پی ٹی آئی کے کارکن ایوب گھلوں کو ڈائریکٹر پاسپورٹ کے عہدے کی لالچ دی گئی جس پر وہ ن لیگ میں شامل ہو گئے ، ن لیگ نے نظریات کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے سب پارٹیوں پر عمران خان کا لرزہ طاری ہے انہیں رات کو بھی عمران خان نظرآتے ہیں۔کراچی کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ا لطاف حسین کے دست راست بگڑ رہے ہیں ،کوئی تو وجہ ہوگی۔الطاف حسین پر لگائے گئے الزامات پر حکومت کو جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے۔