خبرنامہ پنجاب

فیروز والا: جعلی پیر کے کہنے پر ماں نے بیٹے کی جان لی

فیروز والا :(آئی این پی ) فیروز والا میں بارہ سالہ بچے کے قتل کی واردات میں جعلی پیر کے کہنے پر ماں نے بیٹے کی جان لی ، پولیس نے خاتون کو تحویل میں لے لیا ۔ فیروزوالہ میں جعلی پیر کے کہنے پر بد روحوں سے چھٹکارا پانے کے لیے ماں نے سگے بیٹے کی بلی چڑھا دی ، محلے والوں نے خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ فیروزوالہ کے علاقے وانڈیالہ دیال شاہ میں اہل علاقہ کے مطابق شبانہ نامی خاتون نے جعلی پیر کے کہنے پر بد روحیں سے چھٹکارا پانے کے لیے اپنے سالہ بیٹے کا پہلے گلہ دبایا پھر اپنے دوپٹے سے بیٹے عمیر کے گلے میں پھندا ڈال کر کمرے میں موجود چھت والے پنکھے سے لٹکا دیا ۔ بچے کی چیخ و پکار سن کر محلے والے موقع پر پہنچے تو ان کے مطابق خاتون کمرے سے بدحواسی میں نکل کر بھاگ رہی تھی جس کو پکڑ کر پولیس کو اطلاع دی گئی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو حراست میں لے کر بچے کی لاش تحویل میں لے لی ، بعد ازاں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ شبانہ نامی خاتون کے خاوند کا کہنا ہے کہ میری بیوی اور بیٹے پر چڑیلوں کا اثر ہے ، پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔