خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد میں 70 سے زائد پتنگ باز گرفتار

فیصل آباد:(اے پی پی)فیصل آباد میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی جاری رہی ، پیچ لڑانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے، پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے 70 سے زائد نوجوانوں کو دھرلیا، گرفتارکیے جانے پر کچھ نوجوان دھمکیاں دیتے رہے تو کچھ منت سماجت میں لگے رہے۔گوجرانوالہ میں بھی پتنگ باز، باز نہ آئے، پتنگ کی ڈورگلے پر پھرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا، پولیس نے 60 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔فیصل آباد میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود شہر میں بسنت کا سماں رہا۔پتنگ بازپیچ لڑانےکے ساتھ ساتھ بغیرکسی خوف کے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔پھر پولیس نے لیا ایکشن۔ سمن آباد، پیپلزکالونی، مدینہ ٹاؤن، جناح کالونی سمیت فیصل آباد کے دیگر علاقوں میں چھاپے مارے اور پتنگ بازوں کوچھتوں سے اتار اتار کرگرفتار کیا۔ کہیں گرفتاری کے دوران پتنگ بازپولیس سے جھگڑتے دکھائی دیئےتو کہیں پر روتے اورگڑگڑاتے نظر آئے۔خواتین بھی اپنے بچوں کو چھڑانے کے لیےمنتیں کرتی رہیں۔ کئی مقامات پر پتنگ باز پولیس سے آنکھ مچولی کرتے رہے یعنی پولیس کے آنے پر چھتوں سے غائب اور جاتے ہی پتنگ بازی پھر شروع۔پولیس مساجد سے اعلانات بھی کراتی رہی کہ بچوں کو چھتوں سے اتارلیا جائے ورنہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔پولیس نے گرفتار پتنگ بازوں سے 14 ہزار سے زائد پتنگیں اور 10 ہزار سے زائد ڈور کی چرخیاں بھی برآمد کرلیں۔ ادھرگوجرانوالہ کےسیٹلائٹ ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں پتنگ بازوں کیخلاف کارروائی کی اور تھانے منتقل کردیا۔گرفتار ملزمان نے جیونیوز کو بتایا کہ وہ بے قصور ہیں، پولیس انہیں بے وجہ گرفتار کرکے لے آئی ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرکے متعدد پتنگ بازوں کوپکڑا ہے جبکہ مختلف تھانوں میں 42 مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔