خبرنامہ پنجاب

لاہورائیرپورٹ: دھماکہ خیزمواد کی موجودگی کا پتہ لگانےوالی جدید مشین خراب

لاہور(آئی این پی) پی آئی اے کے ناتجربہ کار عملے نے مبینہ طور پر مسافروں کے سامان میں دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا پتہ لگانے والی جدید مشین خراب کر دی‘ لاہور سے نیویارک جانے والی پرواز کے 275 مسافروں کا سامان تفصیلی چیکنگ کے بغیر ہی بھیج دیا۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائنز کی لاہور سے نیویارک جانے والی پرواز پی کے711 کے 275 مسافر سفر کر رہے ہیں جن کے سامان کی اسکیننگ جدید ای ڈی ایس مشین پر نہیں کی جا سکیذرائع کے مطابق جدید الیکٹرانک ای ڈی ایس مشین کی خرابی کے متعلق پی آئی اے عملے نے حکام کو آگاہ کر دیا ہے تاکہ مسئلے کو جلد از جلد ٹھیک کیا جا سکیذرائع نے مزید بتایا کہ امریکہ سمیت یورپی ممالک نے لاہور سے اپنے شہروں کو آنے والی پروازوں میں بک ہونے والے سامان کی اسکیننگ کے لیے ای ڈی ایس مشین سے گزارنا لازمی قرار دیا ہے، مشین خراب ہونے کی وجہ سے کسی ایک مسافر کا بھی سامان ای ڈی ایس مشین سے اسکین نہیں کیا گیا جو امریکہ سمیت یورپی ممالک کی جانب سے طے کردہ طریقہ کار کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اگر اس مسئلہ پر جلد قابو نہ پایا گیا تو پی آئی اے کے روٹس کو بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔